پاکستان کے معاشی و معاشرتی مسائل اور ان کا حل قرآنی تعلیمات کی روشنی میں

پاکستان کے معاشی و معاشرتی مسائل اور ان کا حل قرآنی تعلیمات کی روشنی میں
Description

ادارہ رحیمیہ علوم قرآنیہ ٹرسٹ کی محراب پور شاخ کے زیر اہتمام 11 مئی 2024ء  بروز ہفتہ ایک عظیم الشان سیمینار "پاکستان کے معاشی و معاشرتی مسائل اور ان کا حل قرآنی تعلیمات کی روشنی میں" کے عنوان سے سائرہ پیلس محراب پور میں منعقد ہوا۔ سیمینار کے مہمانِ خصوصی حضرت اقدس مولانا مفتی عبدالخالق آزاد رائے پوری مدظلہ العالی (مسند نشین خانقاہ عالیہ رحیمیہ رائے پور و ڈائریکٹر جنرل ادارہ رحیمیہ) اور مہمان اعزازی مولانا مفتی محمد مختار حسن (ڈائریکٹر ایڈمن،ادارہ رحیمیہ) اور ڈاکٹر راؤ عبد الرحمٰن (ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمن، ادارہ رحیمیہ) تھے۔

سیمینار میں طلباء، علماء، تاجر برادری، ڈاکٹرزاور اساتذہ، الغرض زندگی کے ہر شعبہ سے تعلق رکھنے والی ایک بہت بڑی تعداد نے شرکت کی۔ 
سیمینار انجنئیر محمد عادل کمبوہ (حلقہ صدر محراب پور) کی صدارت میں اور قاری عبداللہ سیال کی تلاوتِ قرآنِ حکیم سے شروع کیا گیا۔ جب کہ نظامت کے فرائض طیب نثار ملک نے سرانجام دیے۔

سیمینار سے مہمان اعزازی مولانا مفتی محمد مختار حسن صاحب نے "ولی اللہی جماعت کا کردار ( مدرسہ رحیمیہ تا ادارہ رحیمیہ لاہور) " کا تعارف بیان کرتے ہوئے فرمایا کہ "خطے کے مجددین کے تعارف، ان کے فکر اور جدوجہد کے تسلسل سے نوجوانوں کو متعارف کروا کر، منظم جدوجہد کے ذریعے دوبارہ عروج، قومی وقار اور عزت حاصل کی جاسکتی ہے۔ اس سلسلہ میں ادارہ رحیمیہ کی یہ امتیازی خصوصیت ہے کہ ہمارے ہاں آزادی کے لئے قربانیاں دینے والی ولی اللہی جماعت کے علوم کی تعلیم ، تبادلہ خیال، باہمی گفتگو اور Comparative Study کا موقع اور ماحول فراہم کیا جاتا ہے۔"

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے حضرت اقدس مولانا مفتی عبدالخالق آزاد رائے پوری مدظلہ العالی نے فرمایا کہ "انسانوں کو ذلت،رسوائی اور معاشی تنگ دستی کے ظالمانہ نظام سے نکالنے کے لئے اللہ تعالٰی نے ہر دور میں نبی بھیجے ہیں، نبی اکرم ﷺ کی ذاتِ گرامی تمام انسانیت کے لئے رحمت اور ہدایت کا ذریعہ ہے۔ انبیاء علیہم السلام نے انسانوں کو غلامی سے نجات دلائی ہے کیونکہ غلام قوم اور ملک کبھی بھی ترقی نہیں کرسکتے ہیں۔"
مہمانِ خصوصی نے موضوع پر مزید دیتے ہوئے فرمایا کہ "انسانی معاشرے سچائی اور دیانت سے ترقی کرتے ہیں جھوٹے اعداد و شمار پر بنی جھوٹے معاشرے اور اس کے فیصلے تمام قوم کے لئے عذاب بن جاتے ہیں۔ مسائل کی جڑ غلامی کا دو سو سالہ برطانوی نظام ہے، جو آج بھی کسی صورت وطن عزیز پر مسلط ہے۔ حقیقی آزادی کے لئے سب سے پہلے غلامی کے نظام سے چھٹکارا اور اجتماعی طور پر توبہ کرنا ہوگی اور وحدتِ انسانیت کی بنیاد پر بلا تفریق رنگ و نسل و مذہب آزادی و خوشحالی، امن اور انصاف کا نظام قائم کرنا ہو گا۔"

حضرتِ اقدس کے دعائیہ کلمات سے سیمینار کی تکمیل ہوئی۔

رپورٹ: قاسم رضا کمبوہ۔ محرابپور

Venue
Saira palace hall mehrabpur
Date & Time
May 11, 2024 @ 05:00PM