Description
موجودہ معاشی، سیاسی اور معاشرتی مسائل صرف قرآنی تعلیمات ہی کی روشنی میں حل ہو سکتے ہیں۔ (مولانا محمد مختار حسن)
ادارہ رحیمیہ علوم قرآنیہ ( ٹرسٹ ) لاہور کی نوشہرہ شاخ کے زیر اہتمام ڈسٹرکٹ کونسل ہال نوشہرہ میں ایک شعوری سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ "دور حاضر کے معاشی اور سماجی مسائل کا حل دینی تعلیمات کی روشنی میں" سیمینار کا مرکزی موضوع تھا۔
سیمینار بروز اتوار 19 مارچ 2023 کو نوشہرہ ڈسٹرکٹ کونسل ہال میں سیکرٹری سائنس اینڈ ٹیکنالوجی محمد خالد خان کی صدارت میں منعقد ہوا۔ سیمینار کے مہمانِ خصوصی مولانا مفتی محمد مختار حسن (ڈائریکٹر ایڈمن ادارہ رحیمیہ) تھے۔ جب کہ مدرسہ دارلا قراء نمک منڈی پشاور کے مہتمم قاری ضیاء الرحمان بطور مہمان اعزازی شریک ہوئے۔ سیمینار میں تمام شعبہ ہائے زندگی سے کثیر تعداد میں نوجوان شریک ہوئے ۔
سیمینار کے مہمانِ خصوصی مولانا محمد مختار حسن صاحب نے سیمینار کے مرکزی موضوع میں اظہار خیال کرتے ہوئے ارشاد فرمایا کہ، "پاکستان کی موجودہ زبوں حالی کا واحد حل انبیاء کرام، جماعتِ صحابہ اور اولیاءاللہ ہی کے مشن پر کاربند رہ کر ڈھونڈا جا سکتا ہے۔ دنیا کے دیگر تمام نظام انسان کو بنیاد بنا کر ان مسائل کا حل دینے میں ناکام ثابت ہو چکے ہیں۔"
قبل ازیں مہمان اعزازی نے ادارہ رحیمیہ کی امتیازی خصوصیات بیان کرتے ہوئے ارشاد فرمایا کہ ادارہ رحیمیہ دور جدید کے تقاضوں کے عین مطابق پاکستان کے نوجوانوں میں دین اسلام کی سیاسی، سماجی ، معاشی اور معاشرتی بصیرت پر تربیت کررہا ہے اور وہ دن دور نہیں جب یہ نوجوان پاکستان میں ایک کامل اور مستحکم معاشرہ تشکیل دینے میں کامیاب ہو گا۔
سیمینار کا اختتام سیکرٹری سائنس اینڈ ٹیکنالوجی محمد خالد خان کے صدارتی کلمات سے ہوا جس میں انھوں نے دور جدید کے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے نوجوانوں کو اس طرح کے تربیتی پروگرامز میں بھرپور شرکت کرنے کی تاکید کی۔
رپورٹ: محمد شعیب (نوشہرہ)