وطن عزیز کے اجتماعی مسائل کا حل ، قرآنی تعلیمات کی روشنی میں

وطن عزیز کے اجتماعی مسائل کا حل ، قرآنی تعلیمات کی روشنی میں
Description

ادارہ رحیمیہ علومِ قرآنیہ محراب پور کے زیر اہتمام مقامی ہال سائرہ پیلس میں مورخہ 13 فروری 2023 بروز پیر رات 9 بجے  سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں حضرت مفتی عبدالخالق آزاد رائے پوری (ڈائریکٹر ادارہ رحیمیہ علومِ قرآنیہ لاہور) نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ آپ کے ہم راہ صدر ادارہ رحیمیہ مفتی عبدالمتین نعمانی صاحب اور ڈائریکٹر ایڈمن ادارہ رحیمیہ مفتی محمد مختار حسن صاحب بھی تھے۔

سیمینارعاشق علی سوہو کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ نظامت کے فرائض انجنئیر مدثر سعید آرائیں نے نبھائے۔ تلاوتِ قرآنِ حکیم اور نعت کی سعادت مولانا عبداللہ سیال نے حاصل کی۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ادارہ رحیمیہ علومِ قرآنیہ پاکستان کے صدر مفتی عبدالمتین نعمانی نے خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ، "انبیاء علیہم السلام کو انسانی سماج میں عدل وانصاف قائم کرنے کے لئے مبعوث کیا گیا۔ انبیاء کے سچے وارث علماء ربانیین اوراولیاء اللہ ہوتے ہیں۔ انبیاء کی وراثت ان کے مشن پر عمل کرنا ہوتا ہے. آپ ﷺ نے جماعت صحابہ کی تربیت کرکے ان میں بین الاقوامی نظام بنانے کی صلاحیت پیدا کی۔ جماعت صحابہ نے قیصر و کسرٰی کے ظالمانہ نظاموں سے انسانیت کو آزاد کروایا۔

سیمینار سے مہمان خصوصی حضرت مفتی عبدالخالق آزاد رائے پوری نے سیمینار کے موضوع، "وطن عزیز کے اجتماعی مسائل کا حل ، قرآنی تعلیمات کی روشنی میں" پر خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ، "ہمارے معاشرے میں فکری انتشار، سیاسی عدم استحکام اور سماجی ابتری موجود ہے۔75 سال پہلے شروع میں پاکستان کی حالت ایسی نہ تھی جيسی بدحالی اور سماجی برائیاں آج ہیں۔ بد قسمتی سے زرعی ملک گندم، چاول، دالیں باہر سے منگوا رہا ہے۔ IMF سے جتنے عوام دشمن معاہدے ہمارے حاکموں نے کئے وہ کسی بھی ملک نے نہیں کئے۔ جس کا سبب ہمارے اپنے نظام کا نہ ہونا ہے۔ افسوس ہمارے مذہبی طبقے نے بھی جاگیرداروں اور سرمایہ داروں کی حمایت میں فتوے دیے۔ اس وقت ہمیں سیاسی، مذہبی شعور کی ضرورت ہے تاکہ اس ظلم کے نظام سے نجات حاصل کرکے عوام دوست عادلانہ نظام قائم کر سکیں."

سیمینار میں پروفیسرامجد علی آرائیں، حافظ نورالدین سومرو اور حاجی محمد بلال بلوچ صاحبان سمیت علماء، وکلاء، اساتذہ، صحافیوں سمیت نوجوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

رپورٹ: انجینئر زاہد حسین آرائیں، محراب پور

Venue
Saira palace hall mehrabpur
Date & Time
Feb 13, 2023 @ 09:00PM