ادارہ رحیمیہ علومِ قرآنیہ (ٹرسٹ) لاہور اور انسٹی ٹیوٹ آف انگلش اینڈ لٹریچر شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور میرس کے اشتراک سے مورخہ 8 دسمبر 2022ء بروز جمعرات ادیب رضوی سیمینار ہال میں "سیرت نبوی ﷺ کی روشنی میں عصر حاضر کے اجتماعی مسائل کا حل" کے موضوع سے سیمینار کا اہتمام کیا گیا۔
سیمینار میں نظامت کے فرائض انگلش ڈیپارٹمنٹ کے لیکچرر یاسر علی بھٹو نے ادا کیے، صدارت انگلش انسٹیٹیوٹ کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی شاہ نے کی۔ ادارہ رحیمیہ کا تعارف اور سیمینار کے اغراض و مقاصد پروفیسر ڈاکٹر رحیم بخش سومرو نے پیش کیے، ادارہ رحیمیہ کے ایڈوائزری بورڈ کے ممبر ڈاکٹر سید لیاقت علی شاہ صاحب سیمینار کے مہمان خصوصی تھے۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی نے فرمایا کہ، "آج سیرت رسول ﷺ کے انفرادی مطالعہ کے ساتھ ساتھ اجتماعی پہلوؤں کے مطالعہ کی بھی اشد ضرورت ہے،آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت اور اس سے راہنمائی لینے کے اعتبار سے پانچ ادوار ہیں۔ پہلا دور بعثت سے پہلے، دوسرا دور مکی دور، تیسرا مدنی دور، چوتھا خلافت راشدہ، پانچواں دور اس کے بعد سے آج تک اور قیامت تک کا دور ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم غلبہ دین کا نظریہ اور مقصد لے کر آئے۔ آپ ﷺ نے بعد از نبوت ایک اجتماعیت قائم کی، جس کی مکمل تربیت کا نظام قائم فرمایا۔ عدم تشدد کے اصول پر رہتے ہوئے ایک اعلیٰ نظریہ اپنے صحابہ رضی اللہ عنہ میں پیدا فرمایا جس میں کل انسانیت کی خدمت اور ترقی کی سوچ پیدا کی جس کے نتیجہ میں ریاست مدینہ کا وجود عمل میں آیا۔
آپ ﷺ نے ریاست مدینہ کی بنیاد عدل و مساوات کے اصول پر رکھی جس کے نتیجے میں معاشرے میں امن قائم ہوا، معاشی خوشحالی پیدا ہوئی، اور اخلاقی قدروں میں ترقی ہوئی۔"
انہوں نے مزید فرمایا کہ، "شریعت، طریقت اور سیاست کے تینوں پہلوؤں کو بیک وقت اپنی زندگیوں میں شامل کرنے کی ضرورت ہے۔"
اپنے لیکچر کے بعد ڈاکٹر لیاقت علی شاہ نے حاضرین کے سوالات کے جوابات دیئے۔
اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر امداد سہتو، پروفیسر سید ظفر علی شاہ، پروفیسر ڈاکٹر رحیم بخش سومرو اور دیگر نے خطاب کیا۔ پروفیسر ڈاکٹر امیر حسین شر ڈین فیکلٹی آف مینجمنٹ سائنسز، پروفیسر ڈاکٹر منہو خان لغاری ڈائریکٹر انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن، پروفیسر ڈاکٹر اختر علی گھمرو ڈائریکٹر انسٹی ٹیوٹ آف کامرس، پروفیسر ڈاکٹر مسی اللہ جتوئی ڈائریکٹر اسٹوڈنٹ افیئرز، پروفیسر ڈاکٹر سجاد رئیسی ڈائریکٹر انسٹی ٹیوٹ آف کامرس، ادارہ رحیمیہ کی ریجنل نمائندہ گان جناب ریاض احمد میمن، انجینئر مدثر سعید آرائیں، راشد حسین لاڑک سمیت فکیلٹی ممبران اور طلباء و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
رپورٹ: یاسر علی بھٹو۔ خیر پور