9 فروری 2023 ء بروز جمعرات خانقاہ عالیہ رحیمیہ رائے پور کے موجودہ مسند نشیں اور ادارہ رحیمیہ علومِ قرآنیہ کے ڈائریکٹر جنرل حضرت اقدس مفتی عبدالخالق آزاد رائے پوری جیکب آباد تشریف لائے۔ آپ کے ہم راہ مفتی عبدالمتین نعمانی (صدر ادارہ رحیمیہ) اور مفتی محمد مختار حسن (ڈائریکٹر ایڈمن ادارہ رحیمیہ) بھی تھے۔ اس موقع پر سٹی میرج ہال جیکب آباد میں ایک شعوری سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔
سیمینار کا آغاز حسب دستور تلاوت قرآن پاک سے ہوا جس کی سعادت مولانا عبدااللہ سیال نے حاصل کی۔ نظامت کے فرائض قربان علی پھنور نے سرانجام دئے۔ عبدااللہ گھنیو کی صدارت میں ہونے والے اس سیمینار میں ادارہ رحیمیہ علومِ قرآنیہ کا تعارف مولانا مفتی عبدالمتین نعمانی صاحب نے پیش کیا۔ سیمینار کے مہمانِ خصوصی حضرت اقدس مفتی عبدالخالق آزاد رائے پوری نے "اسوہ حسنہ ﷺ کے تناظر میں موجودہ ملکی مسائل، اسباب اور حل" کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے فرمایا،" آج کے دور کی یہ اہم ترین ضرورت ہے کہ ہمیں اس بات کا ادراک ہو کہ ہم بحیثیتِ قوم کن مسائل سے دوچار ہیں؟ سیاسی، معاشی اور معاشرتی انحطاط کے ساتھ ساتھ آج ہم نظریاتی بحران کا بھی شکار ہیں۔ ان مسائل سے نکلنے کی لئے نوجوانوں کو کوئی راہ سجھائی نہیں دیتی۔ جبکہ نبی آخرالزماں ﷺ کی سیرت کو اختیار کرکے ہم ان مسائل سے نکل سکتے ہیں۔"
حضرت اقدس کے سیرتِ مبارکہ کے عملی پہلوؤں کو اجاگر کرنے کے بعد مزید فرمایا کہ،"اداراہ رحیمیہ علوم قرآنیہ پورے ملک کے نوجوانوں میں سیرتِ مبارکہ ﷺ کا یہی شعور اجاگر کر رہا ہے۔ ان میں نظام کے بنیادی اداروں کو سمجھ کر ان کو چلانے کی صلاحیت پیدا کررہا ہے"۔
اس سیمینار میں شہر کے مختلف مکاتب فکر کے لوگوں کے ساتھ ساتھ جیکب آباد سے ملحقہ آبادیوں سے نوجوانوں نے بھی شرکت کی۔ آخر میں حضرت اقدس نے دعاءِ خیر سے پروگرام کی تکمیل کی۔