علوم اسلامیہ میں تحقیق کی جدید جہات

علوم اسلامیہ میں تحقیق کی جدید جہات
Description

مورخہ13 اکتوبر 2022ء بروز جمعرات اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں "علوم اسلامیہ میں تحقیق کی جدید جہات"  کے موضوع پر ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ یہ سیمینار اپنے عنوان اور معروضیت کے اعتبار سے انتہائی اہم تھا۔ جس کے مہمان خصوصی سرپرست ادارہ رحیمیہ علومِ قرآنیہ ٹرسٹ لاہور اور سابق چیئرمین شعبہ اسلامیات بہاؤ الدین زکریا یونیورسٹی ملتان پروفیسر ڈاکٹر مفتی سعید الرحمٰن اعوان اور مہمان اعزازی پروفیسر ڈاکٹر آصف نوید رانجھا (ڈائریکٹر ہائر ایجوکیشن اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور) تھے۔

ڈاکٹر ابو الحسن شبیر (صدر شعبہ حدیث و سیرت) ، ڈاکٹر عبد الغفار (صدر شعبہ فقہ و شریعہ) اور ڈاکٹر سجیلہ کوثر (انچارج سیرت چئر) سمیت دیگر کئی اساتذہ نے بھی شرکت کی ۔
ڈین فیکلٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد شفیق الرحمن کی صدارت  میں ہونے والے اس اہم سیمینار میں مہمان خصوصی نے یونیورسٹی کے طلباء و طالبات کو مخاطب کرتے ہوئے فرمایا کہ،

" بنیادی طور پر ہم سب طالب علم ہیں کیونکہ حضور ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ" علم کو ماں کی گود سے لےکر گور (قبر) تک حاصل کرو"۔  جب تک ہم طالب علم رہیں  گے ہمارا علم ترقی کرتا رہے گا  اور یہ سفر اگر رُک گیا تویہاں رکنے کا عمل نہیں ہوگا پیچھے ہٹنے کا عمل ہوگا۔ ہمیں تا دمِ حیات علم کا سفر جاری رکھنا ہے ۔ اس علم کابنیادی تقاضا یہ ہے کہ اس کی بنیاد پر سوسائٹی میں اپنا مثبت کردار ادا کریں اور معاشرے کی درست سمت میں رہنمائی کریں۔ ہمیں اس بات کا ادراک کرنا ہے کہ ہماری سوسائٹی کہاں کھڑی ہے۔ کیونکہ جب تک علم کو سوسائٹی کے ساتھ جوڑیں گے نہیں تو جو بھی ہم پڑھ رہے ہوں گے ریسرچ کر رہے ہوں گے وہ سارا کام خلاء میں ہوگا ۔ اس علم کے حصول کا تقاضا تو یہ ہے کہ اس کو سوسائٹی کے معاملات سے جوڑا جائے۔"

پروگرام کے آخر میں ڈاکٹر محمد عمران چئیرمین شعبہ علوم اسلامیہ نے تمام مہمانوں اور خاص طور پر مہمانِ خصوصی کا شکریہ ادا کیا۔

Venue
Islamia University Bahawalpur
Date & Time
Oct 13, 2022 @ 10:00AM