16 اگست 2023ء بروز بدھ ادارہ رحیمیہ علوم قرآنیہ )ٹرسٹ( لاہور کے کوئٹہ کیمپس کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی۔اس تقریب کے مہمانِ خصوصی حضرتِ اقدس مولانا مفتی شاہ عبد الخالق آزاد رائے پوری مدظلہ العالی (جانشین حضرت رائے پوری رابعؒ و ناظمِ اعلیٰ ادارہ رحیمیہ) تھے۔
افتتاحی تقریب کی صدارت مولانا مفتی عبد المتین نعمانی صاحب نے فرمائی جب کہ تلاوتِ کلام پاک کی سعادت مولانا مسعود احمد صاحب (چمن) نے حاصل کی۔ ادارہ رحیمیہ اور اس کے مقاصد کا تعارف مولانا مفتی محمد مختار حسن صاحب نے شرکاء کے سامنے بیان فرمایا۔
دینی مراکز کے قیام پر راہنمائی دیتے ہوئے سرپرست ادارہ حضرت مولانا مفتی ڈاکٹر سعید الرحمن اعوان نے دین میں مراکز کے قیام اور ان کی اہمیت کے تناظر میں مفصل گفتگو فرمائی اور دارِ ارقم کے کردار، مسجد نبویﷺ کے قیام اور اس کے نتائج اور اثرات پر مفصل گفتگو فرمائی اور جب معاشرے زوال کا شکار ہوتے ہیں تو ان کو زوال سے نکالنے کے لیے ادارے کے کردار پر گفتگو فرمائی اور ادارہ رحیمیہ کس پس منظر میں قائم کیا گیا اور اس سے کے بانی کے ذہن میں کیا پس منظر، مقاصد اور اہداف تھے اس پر مفصل رہنمائی فرمائی۔
ازاں بعد مہمان خصوصی حضرتِ اقدس مولانا مفتی شاہ عبد الخالق آزاد رائے پوری مدظلہ العالی نے قرآنِ پاک کی آیات کے تناظر میں مسجد نبویﷺ اور مسجد ضرار کے قیام، مقاصد اور نتائج کی روشنی میں گفتگو فرمائی اور اس کے تناظر میں دار العلوم دیوبند کے قیام اور اس کے مقاصد اور خاص طور پر اس کی فکر کو محفوظ رکھنے کے لیے حجۃ الاسلام حضرت مولانا محمد قاسم نانوتویؒ نے جو اصول و مقاصد متعین فرمائے تھے کہ کوئی سنہری طمع، کوئی مربیانہ سرپرستی، اطاعت اور دباؤ آپ کو اپنے آزادی کے پروگرام سے نہ ہٹا سکے کی روشنی میں بتایا کہ ادارے کے بانی حضرت اقدس مولانا شاہ سعید احمد رائے پوریؒ نے اپنی پوری زندگی کی جد و جہد میں ایسے کسی دباؤ کو قبول نہیں کیا اور پوری ہمت اور استقامت کے ساتھ اصل نظریے کو منتقل کیا۔ یہ ادارے اس سوچ کا تسلسل ہیں اور اب یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اس ادارے کو اس کے مقاصد کی روشنی میں پوری ہمت اور استقامت کے ساتھ منتقل کریں۔ اس کے بعد صدر ادارہ حضرت مولانا مفتی عبد المتین نعمانی صاحب نے تمام مہمانان گرامی اور حاضرین کا شکریہ ادا فرمایا اور اس طرف توجہ دلائی کہ اب اس ادارے کو اس کے مقاصد کے تحت آگے بڑھانا اور اس جگہ کو پر کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔
اس کے بعد مہمانِ خصوصی نے دیگر مہمانانِ گرامی کے ساتھ اِدارے کی افتتاحی تاریخی تختی کی نقاب کشائی فرمائی اور دعا فرمائی جس کے ساتھ اس مبارک تقریب کا اختتام ہوا۔
اس پر وقار افتتاحی تقریب میں حضرت مولانا صاحبزادہ سید رشید احمد، حضرت ڈاکٹر سید لیاقت علی شاہ معصومی، حضرت مولانا عبد اللہ عابد سندھی، حضرت مولانا مفتی سید محمد انور شاہ (مجازین حضرت اقدس رائے پوری رابعؒ)، پروفیسر امجد علی آرائیں (صوبائی کوآرڈینیٹر صوبہ سندھ و بلوچستان)، حافظ نور الدین سومرو، حفیظ اللہ پھلپھوٹو، انیس احمد سجاد ایڈووکیٹ (ایڈمنسٹریٹر کیمپس لاہور)، سید احمد اللہ(ایڈمنسٹریٹر ادارہ رحیمیہ کوئٹہ کیمپس)، پروفیسر عبد النافع (ریجنل کوآرڈینیٹر ادارہ رحیمیہ کوئٹہ ریجن) سمیت سینکڑوں احباب نے شرکت فرمائی۔
رپورٹ: انیس احمد سجاد۔ لاہور