Inauguration ceremony of Shah Abdul Rahim Dehlvi Library

شاہ عبدالرحیم دہلوی لائبریری کی افتتاحی تقریب

پشاور کیمپس میں علمی و تحقیقی سرگرمیوں کا نیا سنگِ میل

پشاور، یکم نومبر 2025 
ادارہ رحیمیہ علومِ قرآنیہ ٹرسٹ (پاکستان) کے پشاور کیمپس کی ترقی اب نئے مراحل میں داخل ہو چکی ہے۔ انہی ترقیاتی اہداف کے تسلسل میں کیمپس میں "شاہ عبدالرحیم دہلوی لائبریری" کا قیام عمل میں لایا گیا۔

لائبریری کی افتتاحی تقریب میں ادارہ رحیمیہ کے ڈائریکٹر جنرل فقیہ العصر حضرت مفتی عبد الخالق آزاد رائے پوری مدظلہ العالی نے بطورِ مہمانِ خصوصی شرکت فرمائی۔ آپ کے ہمراہ مفتی مختار حسن مدظلہ  (ریکٹر ادارہ رحیمیہ)، پروفیسر ڈاکٹر ناصر عبدالعزیز مدظلہ (ڈائریکٹر انفارمیشن)، اور پروفیسر فضل طارق صاحب (ریجنل منتظم پشاور) بھی شریک تھے۔

تقریب کی صدارت پروفیسر فضل طارق صاحب نے فرمائی، جبکہ نظامت کے فرائض قاری خلیل اللہ صاحب نے انجام دیے۔


افتتاحی لمحات
حضرت مفتی عبد الخالق آزاد رائے پوری مدظلہ العالی نے لائبریری کی تختی کی نقاب کشائی فرمائی اور فیتہ کاٹ کر افتتاحی دعا کروائی۔ اس کے بعد مولانا خلیل اللہ صاحب نے لائبریری کے قیام، کتابوں کے انتخاب اور انتظامی امور کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ پیش کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے حضرت اقدس نے فرمایا:

“یہ لائبریری محض کتابوں کا ذخیرہ نہیں بلکہ مطالعہ، فکر اور تحقیق کا مرکز ہے۔اسے اس معیار پر استوار کیا جائے کہ بیرونی محققین کے لیے بھی یہ ایک علمی حوالہ بنے۔ہمیں چاہیے کہ اس لائبریری کو تاریخ، سیاست، معیشت، تفاسیر، احادیث اور فلسفہ جیسے حقیقی فکری موضوعات پر مبنی معیاری کتب سے مزین کریں۔”
مزید ارشاد فرمایا: “ہم نے اتنی بڑی لائبریری اس لیے نہیں بنائی کہ صرف عمارت اور کتابوں کی کثرت دکھائی دے، بلکہ اس کا مقصد مطالعہ و تحقیق کے ایک فعال اور زندہ مرکز کا قیام ہے۔ یہ مرکز علمی تربیت اور فکری بیداری کا نشان ہونا چاہیے، اور اس مقصد کے لیے ہمارے تمام رفقا کو سنجیدگی سے کردار ادا کرنا ہوگا۔”

تقریب کا اختتام حضرت مفتی عبد الخالق آزاد رائے پوری مدظلہ العالی کی پرخلوص دعا سے ہوا۔
شرکائے تقریب نے لائبریری کے قیام کو ادارہ رحیمیہ کی علمی و تحقیقی جدوجہد میں ایک اہم سنگِ میل قرار دیا۔


 رپورٹ: شہاب الدین بنگش (پشاور ڈویژن)