تقریب سنگ بنیاد ادارہ رحیمیہ علوم قرآنیہ(ٹرسٹ) ریجنل کیمپس ملتان

تقریب سنگ بنیاد ادارہ رحیمیہ علوم قرآنیہ(ٹرسٹ)  ریجنل کیمپس  ملتان
Description

برعظیم پاک و ہند میں غلبہ دین  کی جدوجہد کے لئے جو بنیاد حضرت الامام شاہ ولی اللہ دہلویؒ اور ان کی جماعت نے فراہم کی، اس  فکر کی آبیاری  حضرت اقدس مولانا شاہ سعید احمد  رائے پوریؒ نے سرزمین پاکستان میں کی۔ حضرت اقدس رائے پوری رابعؒ نے پاکستان میں ایک منظم اجتماعیت قائم فرمائی۔ اس اجتماعیت کا ایک سنگ میل،ولی اللہی فکر پر تعلیم و تربیت کا منظم سلسلہ ادارہ رحیمیہ علوم قرآنیہ(ٹرسٹ) لاہور کی صورت میں 2001ء میں سامنے آیا۔ بعد ازاں اداروں کے قیام کا سلسلہ کراچی، سکھر، ملتان سے راولپنڈی اورپشاور تک پھیل گیا۔ اب یہ  ادارے اگلے دور میں داخل ہورہے ہیں۔

 اپریل 2010ء میں ادارہ رحیمیہ علوم قرآنیہ (ٹرسٹ) کے ریجنل کیمپس ملتان جس کا افتتاح حضرت اقدس شاہ سعید احمد رائے  پوری ؒ نے کیاتھا۔ یہ کیمپس ایک چھوٹی سے عمارت میں قائم کیا گیا تھا۔ اب یہ عمارت ادارہ جاتی سرگرمیوں کے لیے ناکافی ہوچکی تھی۔ اس لیے  فروری 2023ء میں شالیمارویسٹ کالونی، بوسن روڈ ملتان میں نئی جگہ خریدی گئی اور اس پر تعمیر کی منصوبہ بندی کی گئی۔ عمارت کے سنگ بنیاد کے لیے، مورخہ ١٧صفرالمظفر ١٤٤٥ مطابق 02 ستمبر 2023ء بروز ہفتہ خانقاہ عالیہ رحیمیہ رائے پور کے پانچویں صدر نشین، حضرت اقدس شاہ سعید احمد رائے پوریؒ کے جانشین، حضرت اقدس مفتی عبدالخالق آزاد رائے پوری مدظلہ قریب01 بجے  دوپہر، ملتان تشریف لائے۔  متوسلین خانقاہ اور ادارے کے ذمہ داران و احباب نے حضرت اقدس مفتی عبدالخالق آزاد رائے پوری مدظلہ کا بڑی گرم جوشی سے استقبال کیا۔

4.30  بجے سنگ بنیاد کی تقریب کا آغاز ہوا۔ انجینئر مدثر ستار نے تعمیرات کی پلاننگ پر بریفنگ دی اور اپنی ٹیم کا تعارف کروایا۔  انجینئر علی ندیم نے عمارت کے نقشے پر تفصیلی  بریفنگ دی ۔ ادارہ رحیمیہ علوم قرآنیہ (ٹرسٹ) لاہور کے ڈائریکٹر جنرل حضرت مفتی عبدالخالق آزاد رائے پوری نے اپنے مبارک ہاتھوں سے زمین کی  کھدائی کرکے تعمیرات کا افتتاح کیا۔ اس موقع پرادارے کے مرکزی ذمہ داران ڈاکٹرمفتی سعید الرحمٰن اعوان (سرپرست ادارہ رحیمیہ)، مولانا مفتی عبدالمتین نعمانی(صدرادارہ رحیمیہ)، مولانا محمد مختار حسن(ڈائریکٹرایڈمن ادارہ رحیمیہ)، مولانا مفتی عبدالقدیر (ڈائریکٹراکیڈیمکس)،ڈاکٹرعبدالرحمن راؤ (ڈائریکٹر فنانس) نے بھی تعمیرات کے افتتاحی عمل میں شرکت فرمائی۔ بعد ازیں ڈپٹی ڈائریکٹر میڈیا مرزا محمدرمضان، صوبائی کوآرڈینیٹر پنجاب شہزاداحمد شاہ، ڈپٹی کوآرڈینیٹر پنجاب ڈاکٹر رشید احمدچودھری، ایڈمنسٹریٹر مین کیمپس لاہور انیس احمد سجاد ایڈووکیٹ، ممبر صوبائی مجلس شوریٰ  مولانا محمد ظہیر، پروفیسر عبدالماجد، ریجنل کوآرڈینیٹر ساہیوال ڈاکٹر عتیق الرحمن، ریجنل کوآرڈینیٹر ملتان ڈاکٹر عامر فرقان، ریجنل کوآرڈینیٹر نعیم حبیب اللہ، ایڈمنسٹریٹر ریجنل کیمپس ملتان  مولانا محمد حبیب اللہ اور زونل کوآرڈینیٹرز تنویر احمد(ملتان)،جناب سفیان مسعود(ملتان)، ڈاکٹرمحمود احمد(خانیوال)، جناب عمیر جاوید(ڈیرہ غازی خان)، جناب محمد یاسر (مردان)، جناب جمال احمد(مردان) و دیگر ذمہ دارن نے  بھی اس افتتاحی نشست میں شرکت کی ۔

اس کے ساتھ ساتھ حضرت اقدس اور مرکزی احباب نے پختہ خشت نصب کرکے سنگ بنیاد رکھا۔ حضرت اقدس رائے پوری مدظلہ العالی کی دعاسے یہ تقریب مکمل ہوئی ۔

رپورٹ: ڈاکٹر رشید احمد چودھری (ملتان)

Venue
Rahimia institute of quranic sciences Multan Campus
Date & Time
Sep 02, 2023 @ 04:30PM