Description
16 فروری 2023ء بروز جمعرات کو ادارہ رحیمیہ علوم قرآنیہ (ٹرسٹ) لاہور کے زیر اہتمام چانڈکہ میڈیکل کالج لاڑکانہ کے ماروی ہاسٹل میں 'موجودہ ملکی مسائل,اسباب اور ان کے حل کے لیے نوجوانوں کی ذمہ داریاں'' کے عنوان سے ایک سیمینار منعقد ہوا.جس کے مہمان خصوصی ادارہ رحیمیہ کے ڈائریکٹر ایڈمن مولانا محمد مختار حسن صاحب تھے.
سیمینار میں نظامت کے فرائض ڈاکٹر سرمد صابر نےنبھائے جب کہ پروگرام کی صدارت ڈاکٹر عبدالوحید کھوسہ نےکی پروگرام کا آغاز ڈاکٹر قدرت اللہ نے تلاوت کلام پاک سےکیا۔ ادارہ رحیمیہ کا تعارف اور اغراض و مقاصد جناب انجینئر آصف رضا میمن صاحب نے بیان فرمائے.
"موجودہ ملکی مسائل ,اسباب اور ان کے حل کے لیے نوجوانوں کی ذمہ داریاں " پر رہنمائی فرماتے ہوئے مہمان خصوصی جناب مولانا مختار حسن صاحب نے فرمایا؛
"ہماری اس خطے پر تاریخ 1000 سال پرانی ہے جس میں ہمارے حکمرانوں نے خطے کو ترقی، عدل، امن اور معاشی خوش حالی دی مگر بدقسمتی سے آج ہم پر 200 سال سے غلامی مسلط ہے۔ آج انگریز سامراج خود براہ راست تو ہم پر قابض نہیں لیکن ان کا دیا ہوا نظام جو اس قوم کوغلام بنانے کے لیے بنایا تھا وہ آج بھی ہمارے ملک میں موجود ہے۔ آج بھی ہم معاشی طور پرIMF کے غلام ہیں اور یہ تاریخ رہی ہے کہ جس ملک کا بھی معاشی نظام IMF نے بنایا وہ قوم کبھی اپنے پاؤں پر نہیں کھڑی ہوسکی، ان ممالک کا معاشی استحصال ہوا ہے.
عالمی سامراج خود تو سیٹو اور سینٹو جیسے معاہدات کرکے اپنا ایک مضبوط اتحاد قائم کرتے ہیں جب کہ ہمیں پہلے ہندو مسلم اور آج ہم کو لسانی نفرت دے کر سندھی، پنجابی، پٹھان، مہاجر، سرائیکی اور بلوچی کے نام پر تقسیم کیا جارہا ہے ۔"
مہمانِ خصوصی نے گفتگو کو آگے بڑھاتے ہوئے مزید فرمایا کہ آج ہمارے نوجوانوں کی ذمہ داری ہےکہ قرآن حکیم کا مطالعہ کریں قرآن حکیم سب سے اونچا انقلاب بیان کرتا ہے. دنیا کی تاریخ میں ایک ہزار سال تک قرآن کے اصولوں کی حکمرانی قائم رہی جس نے دنیا کو عدل امن اور معاشی خوشحالی دی۔ آج ضرورت ہے کہ قرآن کے اس نظام کو اپنے معاشرے میں قائم کریں جس نے دنیا کو عدل امن اور معاشی خوشحالی دی.
آخر میں مہمان خصوصی مولانا مختار محمد حسن صاحب نے شرکاء کے سوالات کے جوابات دیے.
رپورٹ ڈاکٹر سرمد صابر