ڈگری کالج لاڑکانہ میں دو دن کا کتاب میلہ
سندھ دھرتی کی قدیم تہذیب موئن جودڑو کو اپنے دامن میں سمیٹے ہوئے اور اپنے سیاسی اثر و رسوخ کے ساتھ لاڑکانہ ضلع اپنی ایک خاص شناخت رکھتا ہے۔ علم اور تعلیم کے حوالے سے لاڑکانہ میں بہت سارے تعلیمی ادارے اور انسٹیٹیوٹ موجود ہیں۔ ان میں سے گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج لاڑکانہ ایک اہم تعلیمی ادارہ ہے۔ اس تعلیمی ادارے کے زیر اہتمام 18 اور 19 نومبر 2025ء کو دو دن کے لیے کتاب میلے کا اہتمام کیا گیا۔ اس کتب میلے کا آغاز ریجنل ڈائریکٹر کالجز ریجن لاڑکانہ نے کیا۔
اس اھم علمی سرگرمی میں ڈگری کالج لاڑکانہ اور لاڑکانہ شہر سے وابستہ اساتذہ طلبہ اور طالبات نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔ خاص طور پر اس دھرتی سے وابستہ نسل نو نے کتابوں سے اپنی محبت اور شیفتگی کا اظہار بہت والہانہ طور پر کیا اور دونوں دن بہت شوق اور دل چسپی کے ساتھ اس میلے میں شرکت کی ۔ اس حوالے سے ادارہ رحیمیہ علوم قرآنیہ کی کاوشوں کو آنے والے حضرات اور یہاں کے لیکچررز پروفیسرز اور طلباء نے بہت ہی اچھے الفاظ میں سراہا کہ "یہ ولی الہیٰ اکابرین خاص طور پر حضرت امام شاہ ولی اللہ دہلوی رحمت اللہ علیہ سے لے کر امام انقلاب مولانا عبید اللہ سندھیؒ اور امامِ عزیمت حضرت شاہ سعید احمد رائے پوری رحمت اللہ علیہ تک فکری اور تاریخی سنہری کڑیوں سے نسل نو کو جوڑنے کی ایک بہترین کاوش اور کوشش ہے جو یقینا لائق ستائش ہے اور لائق تقلید بھی" یہ الفاظ اور آرا تھی ان احباب کی جو ہمارے بک سٹال پر تشریف لائے۔
اس حوالے سے محترم جناب ڈاکٹر سید نبن شاہ بخاری معاون منتظم ڈویژن اور جناب انجینیئر عبدالجلیل انڑ صاحب ریجنل معاون یونیورسٹیز خصوصی طور پر اس میلے میں تشریف لائے اور اپنے دوستوں اور احباب کو کتب بطور تحفہ پیش کی۔ اسی طرح ضلعی منتظم جناب عبدالفتاح شیخ نے اپنی ٹیم کے ساتھ مل کر بہت ہی احسن طریقے سے اس دو دن کے میلے میں ٹیم ورک کے ساتھ کام کیا اور اس ذمہ داری کو بخوبی و احسن سر انجام دیا۔
یہ میلہ اس امید کے ساتھ کہ یہ نونہالان وطن خاص طور پر اور باقی شرکاء عام طور پر آنے والے دنوں میں اس دھرتی کے لیے ان فکری اور نظریاتی کتب کی روشنی میں اپنے سماج کی تشکیل نو کرنے میں اپنا اجتماعی اور مثبت کردار ادا کریں گے اور اس سماج کو خوشحال، عدل اور امن کے ایک نمونے کے طور پر دنیا کے سامنے پیش کریں گے۔
رپورٹ از: عاشق علی سوھو
معاون منتظم نشریات
ریجن اپر سندھ
1

2

3

