Description
14 اگست 2021ء بروز ہفتہ ادارہ رحیمیہ علومِ قرآنیہ کراچی کیمپس میں "آزادی کا حقیقی مفہوم اور اس کے اجتماعی تقاضے" کے عنوان پر ایک سیمینار منعقد کیا گیا جس میں صدر ادارہ رحیمیہ علومِ قرآنیہ (ٹرسٹ) لاہور مولانا مفتی عبدالمتین نعمانی صاحب نے زیر عنوان موضوع پر راہنمائی فرمائی۔
اس سیمینار میں کراچی شہر کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے نوجوان طلباء نے شرکت کی۔ یہ سیمینار واصف ریاض ایڈووکیٹ کی زیر صدارت مولانا عبد الرحمن صاحب کی تلاوت سے شروع ہوا۔ نظامت کے فرائض آصف لطیف صاحب نے سرانجام دیئے۔ موضوع کو نوجوانوں نے دلچسپی سے سنا۔
مفتی عبدالمتین نعمانی صاحب نے مذکورہ موضوع پر رہنمائی کرتے ہوئے فرمایا کہ،"سماج کی بنیاد کسی فکر و فلسفہ پر ہوتی ہے۔ اسی فکر و فلسفے پر اس کا معاشرتی نظام تشکیل پاتا ہے۔ اگر وہ سیاسی، معاشی اور معاشرتی نظام انسانی ضروریات کو پورا کرتا ہے تو اس کا مطلب ہے کہ وہ سماج آزادی کی بنیاد پر قائم ہے۔ اگر وہ انسانی ضروریات کو پورا نہیں کرتا تو اس کا نظام غلامی کی بنیاد پر ہوتا ہے۔ ہمیں اس فکر و فلسفے کو اپنانا ہوگا جو انسانی بنیادوں پر استوار ہو۔ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کا اسوہ بھی ہمیں ایسے ہی انسانیت دوست فکر کی طرف راہنمائی کرتا ہے۔ ہم آج بھی اس حقیقی فلسفے کو سماج میں عملی طور پر نافذ کر سکتے ہیں۔ ایسے فکر پر استوار آزادی ہی حقیقی آزادی شمار کی جائے گی۔ تاریخ میں اس کا کردار ولی اللہی جماعت ادا کرتی رہی۔ اسی اسوہ اور طریقہ کار کو اختیار کرنا ہی آج کے دور کا تقاضا بھی ہے۔"
اس سیمینار میں صدر ادارہ رحیمیہ نے آزادی کے حقیقی مفہوم اور غلامی سے نکلنے کے لائحہ عمل کے ساتھ ساتھ موجودہ دور کے تقاضوں پر بھی راہنمائی فرمائی۔سیمینار میں مرکزی انتظامی کمیٹی کے ممبران مولانا عبداللہ عابد سندھی، انجینئر آفتاب احمد عباسی، حافظ نورالدین سومرو، انیس احمد سجاد ایدووکیٹ، انجینئر عامر افتخار، وسیم اعجاز کے علاؤہ جان محمد گدارو، پروفیسر نعمان باقر اور نوجوانوں کی اکثریت نے شرکت کی۔
رپورٹ: اظہر مسعود، کراچی