Description
ادارہ رحیمیہ علومِ قرآنیہ ٹرسٹ لاہور اور یونیورسٹی آف چکوال کے اشتراک سے 17 اکتوبر 2022ء کو "عصر حاضر کے تقاضے اور ہماری ذمہ داری : سیرت النبی صل اللہ علیہ وسلم کی روشنی میں" کے عنوان پر ایک سیمینار منعقد ہوا۔
اس سیمینار کی صدارت رئیس الجامعہ جناب پروفیسر ڈاکٹر محمد بلال خان نے کی جب کہ مہمانِ خصوصی ڈائریکٹر جنرل ادارہ رحیمیہ علوم قرآنیہ حضرت مولانا مفتی عبد الخالق آزاد رائے پوری تھے۔ دیگر مہمانوں میں ڈاکٹر محمد فیروز الدین شاہ صاحب، صدر شعبہ علوم عربیہ و اسلامیہ جامعہ سرگودھا اور ڈاکٹر حافظ علامہ اشفاق جلالی صاحب صدر شعبہ اسلامیہ گورنمنٹ گریجویٹ کالج جہلم نے بھی خصوصی طعر پر شرکت کی۔
سیمینار کا آغاز 10:30 بجے، تلاوت قرآن حکیم سے ہوا، ناظم اجلاس نے مہمان خصوصی جناب حضرت مفتی عبدالخالق آزاد رائےپوری مدظلہ العالی کو 11:50 بجے، دعوت خطاب دی، آپ نے مختصر وقت میں جامع اور مؤثر انداز میں مندرجہ ذیل گفتگو فرمائی۔ الجامع الصحیح المعروف بخاری شریف کی حدیث مبارکہ کا حوالہ دیتے ہوئے آپ نے فرمایا :
"جس قوم میں تین چیزیں پیدا ہو جائیں ان کا ایمان مکمل ہوگیا،
1- الانصاف من نفسک: یعنی نظریہ عدل و انصاف کا ہو، انصاف کا نظام پوری سوسائٹی کے لئے قائم کرنے کی جدوجہد ہو،
2- بذل السلام للعالم: تمام انسانوں کے لئے امن کا نظریہ ہو ، مسلمان امن کا نمائندہ ہے اس لئے حکم ہے کہ جب آپس میں ملاقات کرو تو السلام علیکم کہو اور جواب میں دوسرا بھی وعلیکم السلام کہے تاکہ انسانیت کو ہماری طرف سے پیغام امن جائے ،
3- الانفاق فی الاقتار: وسائل کم بھی ہوں تب بھی مال خرچ ہو، ایسا نہ ہو کہ مال جمع کر کر کے رکھتا جائے، بلکہ ضرورت مندوں پر خرچ کرے۔"
مہمانِ خصوصی نے مزید فرمایا :
" آج کے دور کا سب سے اہم تقاضا یہ ہے کہ ہم سیرت النبی ﷺ کی روشنی میں ایک ایسا نظام قائم کریں جس میں تمام انسانوں کو امن، عدل وانصاف، معاشی خوشحالی اور ترقی اجتماعی سطح پر حاصل ہو۔"
آخر میں ناظم اجلاس نے مہمان خصوصی اور دیگر مقررین کا شکریہ ادا کیا شرکاء کی سیمینار میں دلچسپی قابل دید تھی ۔
رپورٹ : محمد معاویہ (جہلم)