Description
مورخہ 17 اور 18 نومبر 2025ء بروز سوموار اور منگل ادارہ رحیمیہ علوم قرآنیہ (ٹرسٹ) لاہور کی جانب سے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اسلام آباد میں ایڈوانس ریسرچ ان سوشل سائنسز کے عنوان سے منعقد ہونے والی تیسری عالمی کانفرنس میں مطبوعات کا سٹال لگایا گیا۔
رحیمیہ مطبوعات کی جانب سے طبع شدہ کتب،بالخصوص خطباتِ ملتان، مقالاتِ معیشت، اسلام کا نظریہ معیشت جیسی تصانیف شرکاء کی توجہ کا مرکز رہیں۔
مذکورہ کتب میں حضرت مفتی عبدالخالق آزاد رائے پوری مدظلہ نے حضرت الامام شاہ ولی اللہ محدث دہلویؒ کے افکار اور نظریات کو دورِ جدید کے تناظر میں پیش کیا ہے۔ علاوہ ازیں امامِ انقلاب حضرت مولانا عبید اللہ سندھیؒ کی کتاب "التمہید التعریف ائمۃ التجدید" کا اردو ترجمہ،"برصغیر میں تجدیدِ دین کی تاریخ" نے بھی خوب پذیرائی حاصل کی۔
عصر حاضر میں سماجی علوم کےحوالے سے حضرت الامام شاہ ولی اللہ ؒ کے افکار اور مولانا عبید اللہ صاحب سندھیؒ کے نظریات سوشل سائنسز کے علوم پر تحقیق کرنے والے احباب کے لئے کلیدی اہمیت کے حامل ہیں اور دورِ جدید کے سماجی مسائل کا ادراک اور ان کے حل سے متعلق بہترین رہنمائی کرتے ہیں۔
کانفرنس میں شرکت کرنے والے اسکالرز، پروفیشنلز، شعبہ جاتی ماہرین اور اساتذہ نے ان کتب میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور ادارہ رحیمیہ کی خدمات کو سراہا۔
رپورٹ: بلال فاروق اسلام آباد
