وَاستَعينوا بِالصَّبرِ وَالصَّلاةِ ۚ وَإِنَّها لَكَبيرَةٌ إِلّا عَلَى الخاشِعينَ
الَّذينَ يَظُنّونَ أَنَّهُم مُلاقو رَبِّهِم وَأَنَّهُم إِلَيهِ راجِعونَ(45-46:2)
(اور مدد چاہو صبر سے اور نماز سے۔ اور البتہ وہ بھاری ہے، مگر انھی عاجزوں پر، جن کو خیال ہے کہ وہ روبرو ہونے والے ہیں اپنے ربّ کے۔ اور یہ کہ اُن کو اسی کی طرف لوٹ کر جانا ہے۔)
گزشتہ آیات میں بنی اسرائیل کی کھلی اور واضح خرابیاں اِجمالی طور پر بیان کی گئی ہیں۔ ان آیات میں ان خرابیوں سے نجات اور صحیح فکر و عمل پر استقامت کا طریقہ بتلایا جا رہا ہے۔ ایمان کے بعد صبر و استقامت اور خشوع و خضوع کے ساتھ اللہ سے تعلق قائم کرنے سے انسان ان خرابیوں اور بُرائیوں سے نجات حاصل کرلیتا ہے۔
وَاستَعينوا بِالصَّبرِ وَالصَّلاةِ ۚ : جو آدمی اپنے غلط فکر و عمل سے رجوع کرکے صحیح راستے پر آنا چاہتا ہے، تو اُسے صبر و استقامت اور نماز کی پابندی کرنی چاہیے۔ اس لیے کہ جب کوئی آدمی اپنی بُری حالت کو بدلنا چاہے اور ایسا فکر و عمل، صحیح نظریہ اور عملی طریقۂ کار اختیار کرنا چاہتا ہے تو اُس کے راستے میں بڑی مشکلات کھڑی ہوجاتی ہیں۔ وہ چاہتا ہے کہ ماضی میں کی گئی غلطیوں اور گناہوں سے رجوع کرے، لیکن بسا اوقات ظالم قوتیں اُس پر جھپٹتی ہیں اور اُس کا سماجی بائیکاٹ کیا جاتا ہے، جس سے اس کی معیشت کا نظام خراب ہوجاتا ہے۔ اُسے اپنی زندگی کی ضروریات کو حاصل کرنے میں بڑی مشقت اُٹھانی پڑتی ہے۔ ایسے ماحول میں جو آدمی پختہ طور پر اپنی ماضی کی حالت کو بدلنے کے لیے تیار ہے تو اُسے ان مصائب پر صبر و استقامت کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ اُسے ان مشکلات کی کوئی پرواہ نہیں کرنی چاہیے۔ وہ صبر اور نماز کے ذریعے سے اللہ سے مدد طلب کرے۔ اس لیے کہ حق پر صبر و استقامت سے انسان میں ثابت قدمی پیدا ہوتی ہے اور اللہ کی طرف رجوع کرنے کا واحد اور کامل وسیلہ صرف نماز ہے۔
صبر کا لغوی معنی ہمت سے کام لینا اور ڈٹ جانا ہے۔ اس کی تین صورتیں ہیں:
1۔ ’’صبر علٰی الطّاعات‘‘ (نیکیوں پر جماؤ)؛ یعنی ’’البِرّ‘‘ کے اُصول پر جن نیکیوں کا حکم دیا گیا ہے، اُن پر استقامت کے ساتھ عمل کرنااور صحیح فکر و عمل پر جماؤ اختیار کرنا۔
2۔ ’’صبر عن المعاصی‘‘ (گناہوں سے رُک جانا)؛ یعنی ’الإثم‘‘ پر مبنی جن گناہوں اور بُرائیوں سے روکا گیا ہے، اُن سے پوری استقامت سے رُکے رہنا۔
3۔ ’’صبر علیٰ المصائب‘‘ (مصیبتوں پر صبر کرنا)؛ یعنی نیکی کی حالت قائم کرنے اور بُرائیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے انسان تیار ہوجائے تو اس راستے میں آنے والی مصیبتوں کو پوری ہمت کے ساتھ برداشت کرنا۔
اس سے ارادے کی پختگی اور انسانی ہمت کی طاقت کا اظہار ہوتا ہے۔ یہ ہمت اور جرأت اس کی مددگاربنتی ہے۔ اسی لیے صبر و استقامت سے مدد لینے کا حکم دیا گیا ہے۔ انسان کے لیے مددگار دوسری چیز نماز ہے۔ جب انسان صبر و استقامت کے ساتھ اپنے صحیح ایمان اور نظریے کے مطابق عملی کام کرنے کے لیے پُرعزم ہوجاتا ہے تو مصیبتیں آتی ہیں، پریشانیاں پیدا ہوتی ہیں۔ ایسے ماحول میں اللہ کی طرف رجوع کرکے نماز پڑھنا بہت مددگار بنتا ہے۔ نماز کے ذریعے سے اللہ کی تجلیات نازل ہوتی ہیں، جس سے انسان کی روح طاقت ور بنتی ہے۔ روح کی طاقت انسان کی حالت بدلنے میں بنیادی کردار ادا کرتی ہے۔ اس سے اللہ تبارک و تعالیٰ کے ساتھ صحیح ربط اور تعلق پیدا ہوجاتا ہے۔ نبی اکرمؐ کے بارے میں ہے: ’’کان النّبیّ ﷺ إذا حزبہٗ أمر صلّیٰ‘‘ (سنن ابی داؤد: 1319) (نبی اکرمؐ کو جب کوئی اہم کام درپیش ہوتا تو آپؐ نماز پڑھتے تھے)۔
وَإِنَّها لَكَبيرَةٌ إِلّا عَلَى الخاشِعينَ: ان دونوں چیزوں سے مدد لینا بہت مشکل ہے۔ اس مشکل سے نمٹنا تبھی ممکن ہے کہ جب انسان اپنی پوری قوتِ عقلیہ کے ساتھ یہ سمجھے کہ اُسے اللہ تعالیٰ کی طرف رجوع کرنا ہے، اُسی کے سامنے خشوع و خضوع اختیار کرنا ہے اور وہ اللہ کی طرف رجوع کرنے کا بالکل اسی طرح محتاج ہے، جیسا کہ کھانا پینا بلکہ اُس سے بھی زیادہ رجوع الیٰ اللہ کی ضرورت ہے۔ اللہ تعالیٰ کی طرف خشوع اور خضوع اختیار کرنے والوں کے لیے ان سے مدد لینا آسان ہوتا ہے۔
الَّذينَ يَظُنّونَ أَنَّهُم مُلاقو رَبِّهِم وَأَنَّهُم إِلَيهِ راجِعونَ: اللہ کی طرف خشوع و خضوع کی وضاحت کرتے ہوئے دو بنیادی اَساسی اُمور بیان کیے گئے ہیں: ایک یہ کہ اُن کے دلوںمیں یہ خیال پختہ ہوجائے کہ انھیں اپنے ربّ کے روبرو حاضر ہونا ہے۔ جن لوگوں کے دلوں میں یہ خیال پختہ ہوجاتا ہے، وہ ضرور اللہ کے سامنے جواب دہی کی وجہ سے صبر و استقامت اور نماز کے ذریعے سے مدد طلب کرتے ہیں۔ دوسرے یہ کہ اُن کے ذہن میں یہ واضح ہوجائے کہ انھیں اللہ تبارک و تعالیٰ کی طرف ہی لوٹ کر جانا ہے۔ دنیاکے تمام اُمور کا آخری نتیجہ یہی ہے کہ انھیں واپس اللہ تبارک و تعالیٰ کی طرف جانا ہے۔ وہاں حساب و کتاب ہونا ہے۔ گناہوں اور ظلم میں مبتلا لوگوں کے لیے سزا ہے اور عدل و انصاف، امن و امان اور اچھی حالت اختیار کرنے والے عمدہ اَخلاق کے حامل لوگوں کے لیے انعامات اور جنت کی ترقیات حاصل ہونا ہیں۔
اللہ تعالیٰ سے تعلق اور نماز اور صبر سے استعانت حاصل کرنے کا مطلب یہ ہے کہ ایک ایسی جماعت تیار کی جائے، جو وصول الیٰ اللہ کے رنگ میں رنگی ہوئی ہو اور ہدایتِ انسانی کے تمام شعبوں میں کامل اور مکمل ہو۔ اپنی اجتماعی طاقت سے اللہ کے احکامات کو دنیا میں غالب کرنے کے لیے کردار ادا کرے۔ اسی لیے نماز جماعت کے ساتھ ادا کرنے کا حکم دیا گیا اور اجتماعیت ہی کی صورت میں صبر و استقامت اختیار کرنا آسان ہوتا ہے۔ یہودیوں سے کہا جا رہا ہے کہ اپنی بداَخلاقی چھوڑ کر رسول اللہ ﷺ پر ایمان لاکر اُن کی جماعت کا حصہ بنیں۔ تبھی کامیابی ممکن ہے۔
Tags
Mufti Abdul Khaliq Azad Raipuri
Spiritual Mentor of Khanqah Aalia Rahimia Qadiria Azizia Raipur
Chief Administrator Rahimia Institute of Quranic Sciences