حقیقی انسانی ترقی اور کامیابی کا نبویؐ طریقۂ کار

Mufti Abdul Khaliq Azad Raipuri
Mufti Abdul Khaliq Azad Raipuri
Jun 05, 2020 - Waliullahi thoughts
حقیقی انسانی ترقی اور کامیابی کا نبویؐ طریقۂ کار

امام شاہ ولی اللہ دہلویؒ ’’حُجّۃُ اللّٰہِ البالِغہ‘‘ میں فرماتے ہیں :
’’جاننا چاہیے کہ یہ (گزشتہ باب میں بیان کردہ) حقیقی ترقی و سعادت اور کامیابی دو طرح سے حاصل کی جاتی ہے: 
[1۔ حیوانی تقاضوں کو سِرے سے ختم کرنے کا طریقہ]
ان میں سے ایک یہ ہے کہ انسان اپنے طبعی اور حیوانی تقاضوں کو سِرے سے ختم کردے۔ وہ اس طرح سے کہ: 
(الف) انسان (بھوک، پیاس اور جاگنے وغیرہ سے متعلق) ایسے طریقے اختیار کرے کہ جن سے اس کے طبعی اور حیوانی تقاضے بالکل ٹھنڈے ہو کر رہ جائیں۔ 
(ب) حیوانی خواہشات کی شدت اور تیزی ختم ہو کر رہ جائے۔ 
(ج) حیوانی طبیعت کی علمی صورتیں اور اُن کے عملی تقاضوں کی شعلہ افشانی سِرے سے بُجھ کر رہ جائے۔ 
(د) پھر وہ اپنی تمام تر توجہات دنیا میں موجود گرد و پیش کی تمام جہتوں (یعنی دائیں بائیں، اوپر نیچے، آگے پیچھے) سے اوپر اُٹھا کر ’’عالَمِ جبروت‘‘ (یعنی اللہ کی ذات و صفات) کی طرف کرلے۔ 
(ہ) اس کا نفسِ ناطقہ (روح) ایسے علوم کو قبول کرنے لگے، جو مکمل طور پر دُنیاوی زمان و مکان کے دائرے سے باہر ہیں۔ 
(و) وہ (مشاہدۂ حق تبارک و تعالیٰ اور مقامِ فنا و بقا وغیرہ کی) ایسی باطنی لذتوں میں منہمک رہے، جو ہر طرح سے عام لوگوں کی مانوس لذتوں (مثلاً کھانے، پینے اور نکاح وغیرہ) سے بالکل مختلف اور اس کے قطعی منافی ہوتی ہیں۔ 
(ز) ایسا فرد لوگوں سے بالکل کوئی تعلق اور میل جول نہ رکھے۔ اُسے عام انسانوں کی پسندیدہ اور مرغوب چیزوں میں بالکل رغبت نہ رہے۔ 
(ح) جن چیزوں سے لوگ عام طور پر خوف زدہ ہوتے ہیں، وہ اُن سے بالکل نہ ڈرے۔ 
(ط) وہ دیگر تمام لوگوں سے بالکل علاحدہ ہو کر کسی دور دراز علاقے کے بلند ترین پہاڑی مقام پر بالکل تنہائی اور گوشہ نشینی اختیار کرلے۔ 
کامیابی اور ترقی کا یہ وہ طریقہ ہے، جسے الٰہیات کو ماننے والے حکما (اشراقیّین؛ جوگی اور راہب) اور مجذوب صوفیا اختیار کرتے ہیں۔ لیکن ان میں سے بہت تھوڑے لوگ ہی اس طریقۂ کار سے اپنے اصل مقصد کو حاصل کر پاتے ہیں۔ باقی لوگ صرف ایسی خواہش ہی رکھتے ہیں۔ وہ پُر شوق نگاہوں سے اس طریقے کو اچھا سمجھتے ہیں اور بڑے تکلف سے مصنوعی طور پر ایسے مجذوبوں اور راہبوں کی صرف نقل اُتارتے ہیں۔ 
[2۔ حیوانی تقاضوں کی اصلاح کا کامیاب طریقہ]
دوسرا طریقہ (حقیقی سعادت اور کامیابی حاصل کرنے کا) یہ ہے کہ: 
(الف) انسان اپنے حیوانی اور بہیمی تقاضوں کی ایک طرح سے اصلاح کرے۔ 
(ب) وہ اپنے طبعی اور حیوانی اصل تقاضوں کو برقرار رکھتے ہوئے ان میں پیدا ہونے والی کجی کو درست کرے۔ 
(ج) وہ اپنی حیوانی روح کو اپنے نفسِ ناطقہ (روحِ ملکوتی) سے وابستہ امور (تجلیاتِ الٰہیہ، مشاہدۂ حق اور ملائِ اعلیٰ سے مناسبت رکھنے والی کیفیات) افعال، کیفیات اور ذکر اذکار وغیرہ میں مشغول رکھنے کی پوری جدوجہد اور کوشش کرے۔ 
(د) وہ ان مَلَکوتی افعال وغیرہ کی کم از کم اس طرح سے پوری نقل اُتارے: 
    (۱) جیسا کہ ایک گونگا آدمی اپنے جسمانی اعضا کے اشاروں کے ذریعے سے لوگوں 
        کی باتوں کی نقل اُتارتا ہے۔ 
    (۲) یا جیسا کہ ایک مصور‘ اپنی بنائی ہوئی تصویر میں انسان کی دلی کیفیات مثلاً ڈر اور 
        شرمندگی وغیرہ کا عکس دکھاتا ہے۔ وہ انسان کی اس حالت کی تمام کیفیات اور 
        احوال اس تصویر میں ایک مجموعی تاثر کے طور پر ظاہر کرتا ہے۔ 
    (۳) یا جیسا کہ میت پر رونے والی خواتین مرنے والے کے لیے ایسے کلمات اور 
        جملے باربار دہراتی ہیں کہ جو بھی سنتا ہے، وہ غمگین ہوجاتا ہے اور اُس میں بھی 
        رونے اور غم کی کیفیت پیدا ہوجاتی ہے۔ 
[کامیابی کا دوسرا طریقہ انبیا علیہم السلام کا ہے]
کائنات میں جاری اللہ تبارک و تعالیٰ کی تدبیر کی بنیاد اس بات پر ہے کہ: 
(الف) جو طریقہ انسانوں کی اصلاح و ترقی کا زیادہ آسان اور قریب تر ہو، اُسے اختیار کیا جاتا ہے۔ 
(ب) وہ طریقۂ کار ایسا ہونا چاہیے کہ جس میں تمام افرادِ انسانی کی مجموعی طور پر اصلاح پیشِ نظر ہو، نہ کہ چند خاص افراد اور انسانی معاشروں سے بالکل الگ تھلگ رہنے والے افراد کی اصلاح کا طریقہ اپنایا جائے۔ 
(ج) اللہ تعالیٰ چاہتے ہیں کہ دنیا میں موجود مخلوقات کے لیے جاری کیے گئے تخلیقی اور تکوینی نظام میں کوئی خلل ڈالے بغیر سب لوگوں کے لیے دنیا اور آخرت دونوں کی فلاح و بہبود کا بہترین نظام قائم کیا جائے۔ 
اس لیے اللہ تعالیٰ نے اپنے لطف و کرم اور رحمت کے تقاضے سے انسانی ترقی اور کامیابی کے دوسرے طریقۂ کار کو دنیا میں قائم کرنے کے لیے انبیا علیہم السلام اور رسول بھیجے۔ چناںچہ انھوں نے لوگوں کو اس دوسرے طریقۂ کار کی دعوت دی، اس پر لوگوں کو اُبھارا۔ البتہ پہلے طریقے کے حوالے سے انبیاؑ نے صرف چند ضمنی اشارات اور نتائج کے سوا اَور کچھ بیان نہیں کیا۔ و لِلّٰہ الحُجّۃ البالغہ (یہی اللہ کی بہت بڑی حجت ہے)۔‘‘ 

(باب توزُّع النّاس فی کیفیۃ تحصیل ہٰذہٖ السّعادۃ) 

Tags
No Tags Found
Mufti Abdul Khaliq Azad Raipuri
Mufti Abdul Khaliq Azad Raipuri

Spiritual Mentor of Khanqah Aalia Rahimia Qadiria Azizia Raipur

Chief Administrator Rahimia Institute of Quranic Sciences