حق چھپانے اور اس میں باطل کی ملاوٹ کی ممانعت

Mufti Abdul Khaliq Azad Raipuri
Mufti Abdul Khaliq Azad Raipuri
Sep 01, 2020 - Dars-e-Quran
حق چھپانے اور اس میں باطل کی ملاوٹ کی ممانعت

 وَلا تَلبِسُوا الحَقَّ بِالباطِلِ وَتَكتُمُوا الحَقَّ وَأَنتُم تَعلَمونَ

وَأَقيمُوا الصَّلاةَ وَآتُوا الزَّكاةَ وَاركَعوا مَعَ الرّاكِعينَ
(اور مت ملاؤ صحیح میں غلط اور مت چھپاؤ حق کو جان بوجھ کر۔ اور قائم رکھو نماز اور دیا کرو زکوٰۃ۔ اور جھکو نماز میں جھکنے والوں کے ساتھ۔)  (42-43:2)


گزشتہ دو آیات سے بنی اسرائیل کی خرابیوں کا بیان جاری ہے۔ اُن سے کہا گیا ہے کہ: ’’معاہدات کی پاسداری کرو، کتابِ مقدس قرآن حکیم پر ایمان لاؤ اور اللہ کی آیات کو معمولی معاوضے کے عوض مت بیچو۔‘‘ ان آیاتِ مبارکہ میں ان کی مزید دو خرابیاں بیان کی جا رہی ہیں، جن سے بچنے کے لیے انھیں اصولِ دین قائم کرنے کا حکم دیا گیا۔ 
وَلا تَلبِسُوا الحَقَّ بِالباطِلِ : حق و باطل میں فرق اور امتیاز دینِ حنیفی کی بنیادی خصوصیات میں سے ہے۔ حضرت ابراہیم علیہ السلام سے لے کر حضرت محمد ِمصطفی ﷺ تک تمام انبیا علیہم السلام دنیا میں حق اور سچ کو غالب کرنے اور باطل کو مٹانے کے لیے آئے ہیں۔ حقائق کے خلاف تمام اُمور باطل کہلاتے ہیں اور تمام ادیانِ الٰہیہ میں حقائق پر مبنی بنیادی اساسی اُمور حق اور سچ ہیں۔ دینِ حق کا جھوٹ اور باطل پر غلبہ ضروری ہے۔ مسخ شدہ مذہبیت میں حق و باطل میں تلبیس اور ملاوٹ کی جاتی ہے۔ زوال کے زمانے میں مذہبی طبقہ ایسے ہی امراض کا شکار ہوجاتا ہے۔ یہودیوں کو بھی یہ مرض لاحق تھا کہ انھوں نے حق و باطل میں تلبیس پیدا کردی تھی، اس سے انھیں روکا گیا ہے۔ 
حق و باطل کی تلبیس کی حقیقت یہ ہے کہ دینِ حنیفی دو بنیادی اُمور پر مشتمل ہے: (1) دین کے کچھ اُمور فرائض و واجبات کے طو رپر ہیں، جو اصل مقصد ہیں۔ (2) کچھ اُمور اُن اصل اُمورِ مقصودہ تک پہنچنے کے ذرائع اور وسائل ہیں۔ تلبیس یہ ہے کہ دین کے ذرائع اور وسائل کو اصل مقصود بنا لیا جائے اور دین کے اصل مقاصد پسِ پُشت ڈال دیے جائیں۔ مثلاً سنن و مستحبات کو فرائض و واجبات کی طرح سمجھا جائے اور فرائض و واجبات کو نظرانداز کردیا جائے۔ یا اسی طرح مستحب اور سنت کی اصل حقیقت اور نوعیت کو سمجھے بغیر انھیں بالکل بھلا دیا جائے۔ دین کے کسی فریضے اور حکم کو اس کی اصل حقیقت اور نوعیت سے گھٹا‘ یا بڑھا دینا اور شریعت ِحقہ میں کمی اور زیادتی کرنا تلبیس کہلاتا ہے۔ اس لیے قرآن حکیم نے تمام لوگوں کو حکم دیا ہے کہ حق و باطل میں تلبیس نہ کریں۔ 
وَتَكتُمُوا الحَقَّ: دوسرا بڑا جرم یہ ہے کہ حق و باطل میں تلبیس کی بجائے سِرے سے حق ہی کو چھپا لیا جائے۔ یہ بھی بہت بڑا جرم ہے۔ زوال کے زمانے میں رجعت پسند مذہبیت اس مرض کا بھی شکار ہوتی ہے اور وہ دین کی سچی تعلیمات کو ذاتی اور گروہی مفادات کے لیے عام لوگوں سے چھپاتی ہے۔ یہودیوں میں بھی زوال کے زمانے میں یہ مرض لاحق ہوچکا تھا۔ اس لیے قرآن حکیم نے خاص طور پر بنی اسرائیل کو مخاطب کرکے حق کو چھپانے سے باز رہنے کا حکم دیا ہے۔ حق کو چھپانا اتنا بڑا جرم ہے کہ نبی اکرم ﷺ نے اس کی شدید مذمت کی ہے۔ آپؐ کا ارشاد ہے کہ: ’’جس آدمی سے کسی ایسے علم کے بارے میں سوال کیا گیا، جسے وہ جانتا ہے، پھر اُس نے اُسے چھپایا تو قیامت کے دن اُس کے منہ میں آگ کی لگام ڈالی جائے گی۔‘‘ (مشکوٰۃ: 223) امام شاہ ولی اللہ دہلویؒ اس حدیث کی تشریح میں فرماتے ہیں کہ: ’’ضرورت کے وقت علمِ حق کو چھپانا حرام ہے۔ اس لیے کہ ایسا کرنا دین کی توہین ہے۔ یہ شریعت کو بھلا دینے کا سبب بنتا ہے۔ اس طرح کرنے سے علم کا بڑا حصہ مٹ جاتا ہے۔‘‘ (حجۃ اللہ البالغہ، من ابواب الاعتصام بالکتاب و السنۃ) 
حقیقت یہ ہے کہ جب دین کے نااہل نمائندے دنیاوی لذات اور خواہشات کے پیچھے پڑ جاتے ہیں اور دین کے غلبے کا اہتمام نہیں کرتے اور نہ اُس کی تعلیم دیتے ہیں اور نہ اس پر ٹھیک طرح سے عمل کرتے ہیں، نیکیوں اور معروفات کا نظام نہیں بناتے، منکرات سے نہیں روکتے تو آہستہ آہستہ دین کے خلاف رسومات اور نظام ہائے حیات قائم ہوجاتے ہیں۔ یہ سچے علم کو چھپانے اور اُسے پڑھنے پڑھانے سے رُک جانے کے نتائج ہوتے ہیں۔ اس لیے خاص طور پر حق و باطل کی تلبیس اور سِرے سے حق کو چھپانے کی سختی سے ممانعت کی گئی ہے۔ اس کو بڑا جرم قرار دیا گیا ہے۔ 
وَأَنتُم تَعلَمونَ: جانتے بوجھتے ہوئے اور صحیح علم رکھتے ہوئے یہ دونوں جرائم کرنا بہت بڑی خرابی ہے۔ غلطی اور غفلت سے اس طرح کی کچھ کوتاہی ہوجائے تو اپنی غلطی اور غفلت کو دور کرنے سے اس کی تلافی ہوجاتی ہے، لیکن جانتے بوجھتے ہوئے ان جرائم کا اِرتکاب سخت عذاب کا سبب ہے۔ یہ دین مٹانے کے مترادف ہے۔ 
وَأَقيمُوا الصَّلاةَ : ان دو خرابیوں کے مقابلے میں دین کی اصل تعلیمات کے دو بنیادی اساسی اُصولوں کو بروئے عمل لانا ضروری ہے: (1) ایک نماز قائم کرنا اور (2)دوسرے انسانیت کی خدمت کے لیے زکوٰۃ ادا کرنا۔ نماز باجماعت کا قیام لوگوں کو حق و باطل کی تلبیس سے روکتا ہے۔ اس لیے کہ جب سب لوگ اجتماعی طور پر مسجد میں مقرر کردہ طریقۂ عبادت کے مطابق نماز ادا کریں گے تو دینِ حق میں کسی مخصوص طبقے کو تلبیس کرنے کا موقع نہیں ملے گا۔ فرائض و واجبات پورے مسلم اجتماع کو معلوم ہوں گے۔ نوافل اور مستحبات کی اصل حقیقت اور نوعیت بھی سب لوگوں کو معلوم ہوگی۔ نماز باجماعت کا اہتمام ہر طرح کی تحریف اور تلبیس سے دین کو محفوظ رکھتا ہے۔ 


وَآتُوا الزَّكاةَ :  دین کا دوسرا اُصول زکوٰۃ ہے۔ یہ مالی بدعنوانی اور خواہشات سے روکتی ہے۔ عام طور پر مال کے لالچ میں آکر حق بات چھپائی جاتی ہے۔ جب ارتفاقاتِ ضروریہ کے تحت کوئی انسان محتاجوں اور غریبوں پر مال خرچ کرتا ہے اور حق کو حق دار تک پہنچاتا ہے تو وہ کتمانِ حق جیسے جرم سے محفوظ رہتا ہے۔  
وَاركَعوا مَعَ الرّاكِعينَ:یہودیوں کو خاص طور پر رکوع کرنے والوں کے ساتھ رکوع کرنے کا حکم دیا گیا۔ اس لیے کہ اُن کی شریعت میں رکوع کی عبادت نہیں تھی۔ ان سے کہا جا رہا ہے کہ دینِ اسلام قبول کرکے رکوع کرنے والوں کے ساتھ رکوع کرو۔ ایسی اجتماعی عبادت کا اہتمام کرو کہ جو حق و باطل کی تلبیس اور حق کو چھپانے سے روکنے کا سبب بنتی ہے۔ 

Tags
No Tags Found
Mufti Abdul Khaliq Azad Raipuri
Mufti Abdul Khaliq Azad Raipuri

Spiritual Mentor of Khanqah Aalia Rahimia Qadiria Azizia Raipur

Chief Administrator Rahimia Institute of Quranic Sciences